نئی دہلی، 2/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) آج ہندوستان کی 13 ریاستوں کا یومِ تاسیس منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر لوک سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما راہل گاندھی اور وائناڈ پارلیمانی حلقے سے کانگریس کی امیدوار پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں لکھا، "آندھرا پردیش، انڈمان نکوبار، چھتیس گڑھ، چنڈی گڑھ، دہلی، ہریانہ، کرناٹک، کیرالہ، مدھیہ پردیش، پنجاب، پڈوچیری، تمل نادو اور لکشدیپ کے لوگوں کو ان کے یومِ تاسیس پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد!"
اس پوسٹ میں راہل گاندھی سبھی ریاستوں کی متنوع تہذیبوں اور زبانوں کو ہندوستان کی کشش قرار دیتے ہیں۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’یہ متحرک ثقافتیں، متنوع زبانیں، بھرپور تاریخیں اور پائیدار روایات ہندوستان کی طاقت کا مرکز ہیں اور ہمارے ملک کو اس سے لچک حاصل ہوتی ہے۔ آئیے ہم اس اتحاد کا جشن منائیں اور اس کی حفاظت کریں۔ اس بات کو تسلیم کریں کہ ہر ریاست کی منفرد شراکت ان رشتوں کو تقویت بخشتی اور مضبوط کرتی ہے جو ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ جوڑتے ہیں۔‘‘
کچھ ایسے ہی جذبات کا اظہار پرینکا گاندھی نے بھی اپنے ’ایکس‘ پوسٹ میں کیا ہے۔ وہ لکھتی ہیں کہ ’’آندھرا پردیش، کرناٹک، تمل ناڈو، پڈوچیری، لکشدیپ، انڈمان نکوبار، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، دہلی، چنڈی گڑھ، ہریانہ اور پنجاب کے یوم تاسیس کے موقع پر سبھی ریاستوں کی عوام کو بہت بہت مبارکباد۔‘‘ وہ آگے لکھتی ہیں ’’مشرق سے مغرب تک، شمال سے جنوب تک ہماری ہر ریاست کی اپنی خاص تہذیبیں، متنوع زبانیں، خوشحال تاریخ اور انوکھی روایات ہمارا وقار ہیں۔ یہ الگ الگ خصوصیات پورے ہندوستان کو اتحاد کے دھاگے میں باندھتی ہیں۔ آئیے ہم سب مل کر عظیم ہندوستان کے ’تنوع میں اتحاد‘ کی شناخت کا جشن منائیں۔ جئے ہند۔‘‘